حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کی وارڈ نمبر 09 محلہ کامسر کے مکینوں نے محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے ان کے علاقے میں بچھائی گئی پانی سپلائی کی پائپ لائن کی خستہ حالت پر متعلقہ محکمہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان سے برہمی کا اظہار کیا۔انہوں نے محکمہ پی ایچ ای اور محکمہ میونسپل کونسل کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کے ضائع ہونے کے ساتھ ساتھ علاقہ کے لوگوں کو بھی کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے کیونکہ یہ ضائع ہونے والا پانی ان کے گھروں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ مقامی لوگوں کا الزام ہے کہ محکمہ ٹوٹے ہوئے پائپ کی مرمت کی ذمہ داری نہیں لے رہا جس سے مکینوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ لائن کودرست کرنے کے لئے انہوں نے میونسپلٹی سے رجوع کیا ۔اس کے باوجود انہیں بتایا گیا کہ یہ معاملہ آر اینڈ بی ڈیپارٹمنٹ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے کارروائی نہ ہونے سے مایوس مقامی لوگوں نے کہا کہ اب انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ٹوٹے ہوئے پل کی مرمت کا فیصلہ کیا ہے۔ ایک مقامی رہائشی مقبول احمد نے کہاکہ ہمارے پاس اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے اپنی کمیونٹی سے رقم جمع کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں بچا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ مداخلت کرکے ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائے۔