عظمیٰ نیوز سروس
سندر بنی //طلباء کی ہمہ جہتی ترقی کے لئے جاری نئی کاوشوں کے تحت کالیدھر میموریل آرمی اسکول (KMAS)، سندربنی کی بارہ طالبات نے پہلی بار جموں کے نگروٹہ واقع این سی سی اکیڈمی میں 19 سے 28 جون تک منعقدہ این سی سی کیمپ میں حصہ لیا۔ اسکول میں تعلیمی سال 2024–25 میں لڑکیوں کیلئے این سی سی کی شروعات کی گئی تھی اور مستقبل قریب میں لڑکوں کے لئے بھی این سی سی متعارف کرانے کی تیاری جاری ہے۔سندربنی راجوری اور نوشہرہ جیسے دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والی ان نوجوان کیڈٹس نے حوصلے اور جوش کے ساتھ نظم و ضبط، قیادت اور مہم جوئی کی نئی دنیا میں قدم رکھا۔کیمپ کے دوران کیڈٹس نے ٹریکنگ، عملی تربیتی سیشنز، لیکچرز کے دوران براہ راست مظاہرے اور کیمپ فائر جیسی سرگرمیوں میں حصہ لیا، جس سے ان کے اعتماد، جسمانی برداشت، اور ٹیم ورک کو فروغ ملا۔ این سی سی کے نظم، یکجہتی اور قومی خدمت جیسے اقدار سے ان لڑکیوں کو براہ راست روشناس ہونے کا موقع ملا۔کالیدھر میموریل آرمی اسکول کے لئے یہ لمحہ فخر کا باعث بنا جب کیمپ میں شریک طالبہ، ابھجوت کور نے شوٹنگ مقابلے میں ’بیسٹ گرل کیڈٹ‘ کا اعزاز حاصل کیا۔ ان کی یہ کامیابی اسکول کی طالبات کی صلاحیت، لگن اور عزم کی واضح مثال ہے۔یہ پہلی شرکت اسکول کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ کامیابی خطے کی مزید لڑکیوں کو ایسے تعمیری اور متاثر کن مواقع اختیار کرنے کی تحریک دے گی۔اس کامیاب آغاز کے بعد، اسکول کی جانب سے آئندہ چند ہفتوں میں مزید دس طالبات کو اگلے این سی سی کیمپ میں روانہ کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔