سرینگر//کشمیرعظمیٰ اور گریٹر کشمیرکے کالم نگار ڈاکٹر جاوید اقبال کی والدہ کے انتقال پر حریت دھڑوں ، لبریشن فرنٹ،نیشنل فرنٹ، فریڈم پارٹی اور پیپلز لیگ نے رنج وغم کااظہار کرتے ہوئے متعدد مزاحمتی لیڈروں نے مرحومہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ حریت (ع) چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے وانہ بل راولپورہ جاکر مرحومہ کی نماز جنازہ پڑھائی۔ ان کے ہمراہ حریت (ع)میڈیا ایڈوائزر ایڈوکیٹ شاہد الاسلام کے علاوہ کئی تنظیمی عہدیدار اور کارکنان شامل تھے۔ادھر حریت (گ) چیئرمین سید علی گیلانی نے معروف دانشور اور قلمکار ڈاکٹر جاوید اقبال اورغمزدہ خاندان کے ساتھ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تبارک وتعالیٰ سے دست بدعا ہیں کہ وہ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق نصیب کرے۔ تحریک حریت راہنماو¿ں پیر سیف اللہ، محمد یوسف مجاہد، سید امتیاز حیدر اور عمر عادل ڈار نے مرحومہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی جبکہ الطاف احمد شاہ، اور ایاز اکبر نے بھی ڈاکٹر جاوید اقبال کے ساتھ اظہارِ تعزیت وہمدردی کیا ہے۔نیشنل فرنٹ چیئرمین نعیم احمد خان نے راولپورہ جاکر مرحومہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کی دعا کی۔ لبریشن فرنٹ چیئرمین محمد یاسین ملک نے وادی کے معروف ماہر تعلیم سیف الدین (مرحوم )کی اہلیہ اورڈاکٹر جاوید اقبال کی والدہ کی جنت نشینی کےلئے اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہوئے غمزدہ لواحقین کےلئے صبر جمیل و جزیل کی برمحل دعائیں کیں۔ یاسین ملک سخت بخار میں مبتلا ہونے کی وجہ سے علیل ہیں اور اسی وجہ سے مرحومہ کی نمازجنازہ میں شریک نہ ہوسکے تاہم فرنٹ کا اعلیٰ سطحی وفد جس میں فرنٹ سیکریٹری جنرل غلام رسول ڈار ایدھی اور زونل جنرل سیکریٹری شیخ عبدالرشید شامل تھے ،نے رالپورہ جاکر نماز جنازہ میں شرکت کی اور غم زدہ لواحقین کے ساتھ اظہار تعزیت کیا۔فرےڈم پارٹی کے سےکریٹری جنرل مولانا محمد عبداللہ طاری نے لواحقین خصوصاًجاوید اقبال سے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔ ادھر شبیر احمد شاہ کی ہدایت پر انجینئر فاروق احمد خان اور پیر عنایت اللہ کی قیادت میں وفد نے جاوید اقبال کے گھر جاکر تعزیت پرسی کی۔ سب جیل بارہمولہ میں پیپلز لیگ محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری نے معروف ایڈوکیٹ میر شفقت حسین کی خالہ اورڈاکٹر جاوید اقبال کی والدہ محترمہ اور محبوس لیڈرغلام قادر بٹ کے برادر نسبتی مختار احمد بٹ کے انتقال پر رنج و غم کااظہار کرتے ہوئے مرحومین کی جنت نشینی کی دعا کی۔دریں اثناءکشمیرعظمیٰ کے دفتر رنگریٹ میں ایک تعزیتی مجلس منعقد ہوئی جس میں عملہ ادارت نے ڈاکٹر جاوید اقبال سے تعزیت کااظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی جنت نشینی کیلئے دعا کی۔ اس دوران کشمیرعظمیٰ کے اسلام آباد (اننت ناگ) کے نامہ نگار ملک عبدالسلام نے بھی ڈاکٹر جاوید اقبال سے ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے پسماندگان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی۔