راجوری //راجوری کے پروڑی علاقے میں کالج طالبہ کاکالج کے ہی طالبعلم کے ہاتھوں مبینہ طور پر اغوا کئے جانے کے بعد حالات کشیدہ ہیں اور اس دوران طالبعلم کے گھروالوں کے گھا س کو بھی نذر آتش کردیاگیاہے ۔ذرائع کے مطابق گکھروٹ علاقے سے تعلق رکھنے والی طالبہ جو ڈگری کالج راجوری میں بی اے سال اول میں زیر تعلیم ہے ،کو گزشتہ روز سے غائب پایاگیا۔لڑکی کے گھر والوں کا الزام ہے کہ اسے پروڑی گائوں سے تعلق رکھنے والے ایک لڑکے نے اغوا کیاہے جو راجوری کالج میں ہی بی اے سال سوئم کا طالب علم ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ لڑکی کے گھر والے لڑکے کے گھر پہنچ گئے اور وہاں ان میں لڑائی بھی ہوئی جس دوران لڑکے کے گھروالوں کے گھاس کو نذر آتش کردیاگیا۔اس دوران مقامی لوگ دوڑ کر وہاں پہنچے اور انہوںنے مداخلت کرکے لڑائی جھگڑے کو ختم کرایا جبکہ کنڈی پولیس تھانہ سے ایس ایچ او جہانگیر احمد کی قیادت میں ایک ٹیم بھی موقعہ پر پہنچ گئی ۔پولیس اغواکاری کے الزام کی تحقیقات کررہی ہے جبکہ گھاس کو نذر آتش کرنے کی انکوائری بھی شروع کردی گئی ہے ۔پولیس ذرائع کاکہناہے کہ علاقے میں حالات قابو میں ہیں ۔