سرینگر// احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر ایک ہفتے تک بند رہنے کے بعد حکومت نے آج سے تمام کالجوں اور ہائر سکینڈری اسکولوںمیں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔تعلیم کے وزیر سید الطاف بخاری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’سوموار سے تمام کالج اور ہائر سکینڈری سکول کھلیں گے۔انہوںنے طلباء کو اپنے تعلیمی مستقبل پر توجہ مرکوز رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی ایسے شخص کو ادارے میں داخل ہونے نہ دیںجو ان کے احساسات کا استحصال کرتے ہیں ۔انہوں نے والدین پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ بچوں کے مستقبل کے حوالے سے حکومت کو اپنا تعاون دیں۔ انہوں نے احتجاجی مظاہروں کے دوران طلباء پر مبینہ حملوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میںلانے کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز کو کالج اور سکول احاطے میں داخل نہ ہونے کی ہدایت دی گئی ہے ۔