عظمیٰ نیو زسروس
راجوری//ضلع راجوری کے کالاکوٹ علاقے کے گاؤں کھرگالہ بیراگوہ میں پیش آئے ایک ٹریکٹر حادثے میں 12 سالہ لڑکا جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔ یہ حادثہ جمعہ کو پیش آیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق لڑکے کی شناخت محمد ابرار ولد محمد بشیر سکنہ بیراگوہ کے طور پر ہوئی ہے، جبکہ زخمی شخص کی شناخت محمد طیّب ولد عبد الواحد، ساکن اسی گاؤں، کے طور پر کی گئی ہے۔پولیس حکام نے بتایا کہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ ٹریکٹر میں سفر کر رہے تھے اور ٹریکٹر گاؤں کی کچی سڑک سے پھسل کر سڑک کنارے نالے میں الٹ گیا۔مقامی لوگوں نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے محمد ابرار کو مردہ قرار دے دیا جبکہ محمد طیّب کو شدید زخمی حالت میں علاج کے لئے داخل کر لیا گیا۔پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لئے تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ پولیس اسٹیشن کالاکوٹ میں متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔