جاوید اقبال
مینڈھر // سب ڈویژن مینڈھر کے علاقے کالابن میں ایک المناک سڑک حادثے میں ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔اطلاعات کے مطابق، ایک ٹاٹا موبائل گاڑی تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر ایک گہری کھائی میں جا گری۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ محمد یاسر ولد منشی خان سکنہ پٹھانہ تیر کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی۔حادثے میں زخمی ہونے والے دوسرے شخص کی شناخت شاہ میر شاہ سکنہ نونا بانڈی پونچھ کے طور پر ہوئی ہے، جسے مقامی لوگوں نے فوری طور پر شدید زخمی حالت میں سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کیا۔ڈاکٹروں نے ابتدائی طبی امداد کے بعد زخمی کی حالت نازک دیکھتے ہوئے اْسے بہتر علاج کے لئے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری ریفر کر دیا۔پولیس نے حادثے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے تاکہ حادثے کی اصل وجوہات معلوم کی جا سکیں۔