عظمیٰ نیوزسروس
جموں//وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے بتایا کہ ڈوڈہ میں 20کلومیٹر طویل کاستی گڑھ نہر کی مرمت اور دیکھ ریکھ کے لیے مالی برس 2022-23 ء اور 2023-24ء کے دوران 159.16لاکھ روپے جاری کئے گئے۔وزیرموصوف ایوان میں ممبر اسمبلی شکتی راج پریہار کے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔اُنہوں نے بتایا کہ 159.16لاکھ روپے میں سے اَب تک 108لاکھ روپے خرچ ہو چکے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ بھگوا کھل، منڈولے کھل، گیا کھل، گنیکا کھل، ڈندی کھل، اضافی پانچ چھوٹی نہریں ہیں، تاہم گزشتہ دو برسوںکے دوران ان معمولی کھلوں پر کوئی فنڈ استعمال نہیں کیا گیا۔وزیر نے کہا کہ نہر جزوی طور پر فعال تھی، تاہم جولائی 2024میں لینڈ سلائیڈ کی وجہ سے ایک حصہ متاثر ہوا تھا، جسے بحال کیا گیا ہے تاکہ آبپاشی کی سہولیت بغیر رکاوٹ فراہم ہو سکے۔اُنہوںنے بتایا کہ یہ نہر کدلال، مالوا، کدھار، مانواس، پرشال، منڈھر، کاستی گڑھ اور ملحقہ علاقوں میں زرعی اراضی کو فائدہ پہنچا رہی ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ اس برس موسم سرما میں بارشوں، برف باری اور جنگلات میں آگ لگنے سے نہر کو مختلف مقامات پر نقصان پہنچا۔ ایس ڈی آر ایف کے تحت فنڈز جاری کرنے کے لئے یہ معاملہ ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ کے ساتھ اُٹھایا گیا ہے۔اُنہوںنے مزید کہا کہ ان سکیموں کے لئے فنڈز کے استعمال کا آڈٹ ڈائریکٹوریٹ آف آڈٹ اینڈ انسپکشن جموں و کشمیر نے کیا ہے، تاہم، کوئی تھرڈ پارٹی آڈٹ نہیں کیا گیا ہے۔