سمت بھارگو
راجوری //جمعرات کو سرنکوٹ-پونچھ ہائی وے پر مندانہ زیارت گاہ کے قریب آر پی ایف سے منسلک ایک نجی اسکارپیو کار پر پتھر گرنے سے ڈرائیور کی موت ہوگئی جبکہ 2اہلکار زخمی ہوئے۔حکام نے بتایا کہ سی آر پی ایف 38 بٹالین سے منسلک ایک پرائیویٹ اسکورپیو گاڑی پونچھ ہائی وے پر مدانہ زیارت کے قریب پتھر سے ٹکرا گئی۔جب تک ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچتی ،ڈرائیور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ چکا تھا۔اس واقعہ میں فوت ڈرائیور کی لاش کو طبی قانونی کارروائیوں کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ متوفی کی شناخت واحد اقبال ساکن اپر سرنکوٹ کے بطور ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران دو دیگرسی آر پی ایف اہلکار معجزانہ طور پر محفوظ پائے گئے۔ادھر چندوسہ کنڈی بارہمولہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 3افراد زخمی ہوئے۔ چندوسہ علاقے میں گرج چمک کیساتھ تیز بارشیں ہوئیں جس کے نتیجے میں آسمانی بجلی گری جس کی زد میں آکر 3افراد زخمی ہوئے۔ انہیں قریبی ہسپتال لے جایا گیا، جہاں ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔