عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر ہارٹ میںہفتہ وار جی آئی مہااُتسو کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔پرنسپل سیکرٹری زرعی پیداوار شیلندر کمار نے تقریب کی صدارت کی۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری نے اِختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اس تقریب کے کامیاب اِنعقاد کے لئے شراکت داروں کی سراہنا کی۔شیلندر کمار نے کہا کہ ملک بھر کے کاری گروں کی میزبانی کرنا ایک بہت اَچھاتجربہ ہے ۔اُنہوں نے کاریگروں سے کہا کہ وہ ملک کے باقی حصوں میں کشمیر کے سفیر کے طور پر کام کریں ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کشمیر میں اِس طرح کی تقریبات کا اِنعقاد سیاحت اور دیگر معاشی سرگرمیوں کے فروغ میں اہم کردار اَداکرتا ہے۔ ایک ایوارڈ تقریب کا اِنعقاد بھی کیا گیا جس میں مہمانِ خصوصی کی جانب سے شراکت داروں میں بہتر سٹالوں ، سب سے زیادہ سیل کا ایوارڈ ، بہترین ثقافتی شو کا ایوارڈ اور بہترین فن کاروں کا ایوارڈ دیا گیا۔بعد اَزاں، ثقافتی پروگرام کا بھی اِنعقاد کیا گیا جس میں مختلف فن کاروں نے اَپنے فن کا مظاہرہ کر کے حاضرین کو محظوظ اور مسحورکیا۔