جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر میں کاروبار اور صنعت کی بحالی کیلئے معاشی پیکیج کا حصہ بطور انٹرسٹ سبیوشن کے طور پر 250 کروڑ روپے کی رقم کی منظوری دی اور5 فیصد انٹرسٹ سبیوشن کی تیسری قسط کے طور پر مذکورہ رقم کا چیک جے اینڈ کے بنک کے حوالے کیا ۔ اِس موقعہ پر فائنانشل کمشنر محکمہ خزانہ ارون کمار مہتہ ، چیئر مین اور ایم ڈی جے اینڈ کے بنک آر کے چھبر موجود تھے ۔ جموں و کشمیر حکومت نے اب تک 500 کروڑ روپے جاری کئے ہیں اور آج مجموعی طور پر 1353 کروڑ روپے کے پیکج کے ایک حصے کے طور پر 250 کروڑ روپے کی ایک اور قسط 5 فیصد انٹرسٹ سبیوشن جاری کی ہے ۔ انٹرسٹ سبیوشن نے اب تک کووڈ 19 بحران میں 3.44 لاکھ قرض لینے والوں کو ریلیف فراہم کیا ہے ۔ جموں و کشمیر حکومت نے 19 ستمبر 2020 کو1353 کروڑ روپے کا میگا ریلیف اور بحالی پیکیج کا اعلان کیا تھا تا کہ جموں و کشمیر کے کاروباری شعبے کو کووڈ۔ 19 بحران اور دیگر مشکلات سے نمٹنے میں مدد مل سکے ۔ کاروباری بحالی پیکج میں مالی اور غیر مالی دونوں طرح کے امدادی اقدامات شامل ہیں ، جس کا مقصد بنیادی طور پر وہ شعبے ہیں جو اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے تھے ۔ مقامی طور پر کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کیلئے لفٹینٹ گورنر کے ذریعہ اعلان کردہ معاشی پیکج کا یہ ایک اہم جز تھا ۔ کاروبار میں آسانی کو یقینی بنانے کیلئے سنگل ونڈو پورٹل قائم کیا گیا ہے اور آن لائین کلیرنس کو متعارف کرایا گیا ہے ۔ جموں و کشمیر بنک میں نوجوانوں اور خواتین کاروباری افراد کے مسائل کو حل کرنے کیلئے خصوصی ڈیسک تشکیل دئیے گئے ہیں ۔معیشت کے 14 اہم شعبوں میں صنعت دوست پالیسیوں کے علاوہ ایک بے مثال صنعتی پیکیج کا بھی اعلان کیا گیا اور لفٹینٹ گورنر کی جانب سے بیک ٹو ولیج 3 پروگرام کے دوران جموں و کشمیر بنک کے ذریعہ خواتین سمیت تقریباً 19000 نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کیلئے مالی معاونت فراہم کی گئی ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ آنے والے دنوں میں حکومت جموں و کشمیر معثیت کو بڑھانے کیلئے مزید اقدامات اٹھائے گی اور لوگوں کو بزنس کمیونٹی کی مناسب توجہ کے ساتھ مشکلات پر قابو پانے میں مدد فراہم کرے گی ۔