عظمیٰ نیوز سروس
پانپور//کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت وِکرم جیت سنگھ نے کل یہاں جموں و کشمیر اَنٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ (جے کے اِی ڈی آئی) کیمپس سمپورہ پانپور میں ’’دو روزہ سٹارٹ اَپ لیڈرشپ سمٹ‘ ‘کا اِفتتاح کیا۔ سمٹ کا اِنعقاد جموں و کشمیر اَنٹرپرینیورشپ ڈیولپمنٹ اِنسٹی چیوٹ (جے کے ای ڈی آئی) نے اِنڈیا نیٹ ورک کے اِشتراک سے کیا ہے جس کا مقصد جموں و کشمیریوٹی میں کاروباری اور اِختراع کے لئے ایک مضبوط ماحولیاتی نظام کو فروغ دینا ہے۔
تقریب لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہاکی مجموعی رہنمائی میں منعقدہوئی اور اِس میں صنعتی ماہرین اور کامیاب کاروباریوں کی نمایاں لائن اَپ ہے جنہوں نے خواہشمند اور موجودہ کاروباری اَفراد کو بااِختیار بنانے کے لئے اَپنی بصیرت ، تجربہ اور مہارت کا اِشتراک کیا۔ کمشنر سیکرٹری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت جموں و کشمیر ایک فعال عنصر بننے جا رہی ہے اور جموں و کشمیر میں سٹارٹ اَپس کو سہولیت فراہم کرنے اور رہنمائی کرنے والی ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ جموںوکشمیر یوٹی بہت سارے مواقع کے ساتھ یقین اور استحکام کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور ہم اس ماحولیاتی نظام کو تقویت دینے کے لئے پُرعزم ہیں تاکہ ایک پورا معاشرہ اس سے مستفید ہو سکے۔ڈائریکٹر اِی ڈی آئی اعجاز احمد بٹ نے کہا کہ لیڈر شپ سمٹ میں مالیاتی منصوبہ بندی ، مارکیٹنگ کی حکمت عملی ، قانونی اور ریگولیٹری فریم ورک اور فنڈنگ کے مواقع تک رَسائی جیسے ضروری موضوعات کا احاطہ کیا جائے گا۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس تقریب میں جدت کی اہمیت اور کاروباری ترقی کو آگے بڑھانے میں اُبھرتی ہوئی ٹیکنالوجیوں کے اِستعمال پر زور دیا جائے گا۔اِنڈیا نیٹ ورک کے بانی اور سی اِی او راہل نارویکر نے اَپنے وسیع تجربے کا اِشتراک کیا اور شرکأ کی رہنمائی کی کہ کس طرح شروع سے سٹارٹ اَپ قائم کیا جائے۔