جموں//صحت اور طبی تعلیم کے وزیر بالی بھگت اور وزیر اعظم کے دفتر میں مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کارنیہ اندھتو مُکت بھارت ابھیان کا آغاز کیا ۔ یہ مہم سکھشم جے اینڈ کے اور نیشنل میڈیکوز آرگنائیزیشن نے جی ایم سی جموں کے آئی آئی بنک کے اشتراک سے شروع کی ہے۔ کمشنر سیکرٹری صحت و طبی تعلیم ڈاکٹر پون کوتال کے علاوہ کئی دیگر شخصیات اس موقعہ پر موجود تھیں ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ وہ جی ایم سی کے اہم یونٹوں میں لازمی آلات اور ساز و سامان کے رکھ رکھاؤ کو یقینی بنائیں تا کہ مریضوں کو فائدہ حاصل ہو سکے ۔ انہوں نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی کو بھی یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ وزیر نے کہا کہ آنکھوں کا عطیہ دینے کے پیغام کو سماجی تقریبات کے دوران عام کیا جانا چاہئیے ۔ انہوں نے کہا کہ سال 2016 میں پورے ملک میں 16 ملین لوگ کیٹرریکٹ سے متاثر تھے ۔ بالی بھگت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کافی تعداد میں لوگ بینائی سے محروم لوگوں کی مدد کیلئے اپنی آنکھوں کا عطیہ دینے کے متمنی ہیں مگر ریاست میں آئی بنک موجود نہیں ہے اور اعزا عطئے کے طور دینے کا بھی کوئی مد موجود نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں اب کافی پیش رفت ہو چکی ہے اور ہسپتالوں میں کئی پیچیدہ جراحیاں بھی عمل میں لائی جا رہی ہیں ۔