سرینگر// ایس آر ٹی سی ملازمین نے اپنے مطالبات منوانے کے حق میں جمعرات کو پریس کالونی سرینگر میں احتجاجی مظاہرے کئے اور کابینہ کے حکم نامہ106کو بحال کرنے کا مطالبہ دہرایا۔ ایس آر ٹی سی ورکرس یونین کے بینر تلے اس احتجاجی مظاہرے میںشامل ملازمین سرکار کے خلاف اور اپنے مطالبے کے حق میںنعرہ بازی کی ۔اس موقع پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے ایس آر ٹی سی ورکرس یونین کے چیئرمین وجاہت حسین نے کہا کہ ایس آرائو157 و عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی جارہی ہے،جس کی وجہ سے محکمہ تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ کارپوریشن کے ٹرک ہی ریاست میں راشن کی نقل و حمل کیلئے استعمال ہوتے ہیںتاہم انہیں اب علیحدہ رکھا گیا ہے۔ وجاہت حسین نے کہا کہ کابینہ کا حکم نامہ106کو بحال کیا جانا چاہے،تاکہ محکمہ کو بچایا جاسکے۔انہوں نے وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ کے علاوہ متعلقہ وزیر سے بھی درخواست کی کہ وہ از خود اس معاملے میں مداخلت کریں۔ایس آر ٹی سی ورکرس یونین نے کہا کہ پہلے مرحلے میں دو دنوں کی ہڑتال کال دی گئی ہے،اور انکے مطالبات کو پورا نہیں کیا گیا تو ملازمین پروگرام میں شدت لانے میں تاخیر نہیں کریں گے۔وجاہت حسین نے کہا کہ اس وقت کارپوریشن کے خلاف سازشیں ہو رہی ہے،جن کا توڑ کرنا ضروری ہے۔