عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے جمعہ کو یہاں ذاتی طور پر اپنے کابینہ ساتھیوں کے سول سکریٹریٹ دفتر کے چیمبروں کا دورہ کیا تاکہ انہیں باضابطہ طور پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی جاسکے۔چیف منسٹر نے ڈپٹی چیف منسٹر سریندر چودھری اور کابینہ وزرا سکینہ ایتو، جاوید احمد رانا، جاوید احمد ڈار، ستیش شرما اور مشیر ناصر اسلم وانی کو دلی مبارکباد دی۔اپنے دورے کے دوران عمر عبداللہ کے ساتھ ان کے مشیر ناصر اسلم وانی بھی تھے۔عمر نے نومنتخب وزرا ء اور مشیروں پر اپنے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے نبھائیں گے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے کی موثر حکمرانی میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔انہوں نے حکومت کے ترقیاتی ایجنڈے کو آگے بڑھانے اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے میں ان کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وزرا نے بدلے میں، وزیر اعلیٰ کے دورے اور ان کے حوصلہ افزا الفاظ پر اظہار تشکر اور تعریف کی۔انہوں نے عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لیے ان کی قیادت میں اجتماعی طور پر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔اس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے جمعہ کو وزیر اعلیٰ کی قیادت والی کابینہ میں نئے شامل کئے گئے وزرا ء کو قلمدان تفویض کئے ۔وزیراعلیٰ کے مشورے پر محکموں کی تقسیم کا حکم ایل جی نے یہاں جاری کیا۔حکم کے مطابق، نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری پبلک ورکس (آر اینڈ بی)، صنعت و تجارت، کان کنی، محنت اور روزگار، اور ہنر مندی کی ترقی کا چارج سنبھالیں گے۔واحد خاتون وزیر سکینہ مسعود ایتوکو صحت اور طبی تعلیم، سکول ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن اور سماجی بہبود کی اہم وزارتوں کا چارج سونپا گیا ہے۔وہ سابق ریاست میں وزیر اعلیٰ کے طور پر عبداللہ کے پہلے دور حکومت میں سماجی بہبود کی وزیر تھیں۔جاوید احمد رانا کو جل شکتی، جنگلات، ماحولیات اور قبائلی امور کے محکمے مختص کیے گئے ہیں۔جاوید احمد ڈار زراعت کی پیداوار، دیہی ترقی اور پنچایتی راج، کوآپریٹو اور الیکشن کے وزیر ہوں گے۔ستیش شرما کو خوراک، سول سپلائیز اور کنزیومر افیئرز، ٹرانسپورٹ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس اور اے آر آئی اینڈ ٹریننگ کا چارج دیا گیا ہے۔حکم نامے میں کہا گیا کہ کوئی بھی دیگر محکمے جو کسی بھی وزیر کے لیے مختص نہیںکئے گئے ہیں، وہ وزیر اعلیٰ کے پاس رہیں گے۔