جموں//ریاستی کابینہ کا ایک اجلاس کل یعنی بدھ کے روز منعقد ہونے جا رہا ہے ، اسمبلی اجلاس سے قبل ہونے والے اس اہم اجلاس میں کئی انتظامی امور پر فیصلے لئے جانے کی توقع ہے ۔ معتبر ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی صدارت میں ہونے والا یہ اجلاس 28دسمبر کو شام 4:30بجے منعقد ہوگا جس میں بجٹ اجلاس کے افتتاح پر دئیے جانے والے گورنر کے خطبہ کو حتمی شکل دی جائے گی۔ قابل ذکر ہے کہ ریاستی قانون سازیہ کا بجٹ اجلاس آئندہ برس دو جنوری کو شروع ہو گا جس کے آغاز میں گورنر دونوں ایوانوں کواسمبلی کے سنٹرل ہال میں خطاب کریں گے۔دیگر انتظامی امور کے علاوہ پی ڈی پی بی جے پی سرکار نئے ڈائریکٹر جنرل کی تعیناتی کا بھی فیصلہ کرے گی ، موجودہ ڈی جی پی کے راجندرا رواںماہ کے آخر میں سبکدوش ہو رہے ہیں، 2014میں ریاستی پولیس سربراہ کا عہدہ سنبھالنے کے بعد موصوف کو ماہ ستمبر میں ریٹائر ہونا تھا لیکن انہیں وادی میں جاری بے چینی کے دوران مزید تین ماہ کی توسیع دی گئی تھی۔