محمد تسکین
بانہال //ضلع رام بن کے علاقوں میں درمیانی رات سے ہوئی شدید بارشوں کے نتیجے میں جموں سرینگر قومی شاہراہ کئی گھنٹوں تک بند رہنے کے بعد ہفتے کی صبح دوبارہ بحال کی گئی ہے اور امرناتھ یاترا اور مسافر و مال گاڑیوں کو معمول کے ٹریفک اوقات کے مطابق چلنے کی اجازت دی گئی۔رام بن۔ بانہال سیکٹر میں گزشتہ ادھی رات سے ہوئی بارشوں کی وجہ سے جموں سرینگر قومی شاہراہ ڈھلواس ، مہاڑ اور کیلا موڑ کے مقام ٹریفک کیلئے متاثر ہوگئی تھی اور ہفتے کی علی الصبح جموں سے وادی کشمیر کی طرف انے والی امرناتھ یاترا کو کم از کم تین گھنٹوں تک چندرکوٹ میں روکے رکھنا پڑا۔ ٹریفک حکام نے بتایا کہ ہفتے کی صبح سوا نو بجے شاہراہ کو ٹریفک کیلئے دوبارہ بحال کیا گیا اورامرناتھ یاترا سمیت دیگر مسافر ٹریفک کو شاہراہ پر دو طرفہ طور چلنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ معمول کا ٹریفک شام تک جاری تھا۔