مشتاق الاسلام
پلوامہ//ضلع پلوامہ کے مختلف علاقوں میں اتوار کی شام ژالہ باری نے تباہی مچادی۔ راجپورہ تحصیل کے دربگام، رہمو، قصبہ یار، راجپورہ، بیلو، گلش آباد، این گنڈ، چندپورہ، ہانجن، لاسی پورہ، تملہ حال، الائی پورہ اور ٹہاب سمیت متعدد علاقوں میں زبردست اولے گرے جس کے نتیجے میں وسیع پیمانے پر نقصان ہوا۔مقامی لوگوں کے مطابق ژالہ باری تقریباً پانچ منٹ تک جاری رہی لیکن اس مختصر دورانیہ میں سیب کے باغات اور کھڑی فصلیں شدید متاثر ہوئیں۔ کسانوں نے بتایا کہ تازہ پودے اور سبزیاں بری طرح سے تباہ ہو چکی ہیں جبکہ سیب کے شگوفے جھڑنے سے آئندہ فصل پر منفی اثر پڑنے کا اندیشہ ہے۔یہ آسمانی آفت شوپیان اور کولگام کے بعد پلوامہ میں مسلسل تیسرے روز دیکھنے کو ملی جس نے کسان طبقے کو گہرے صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ مقامی انتظامیہ سے کسانوں نے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد نقصان کا تخمینہ لگاکر معاوضے کا اعلان کیا جائے۔