گاندربل//ضلع گاندربل کے کئی علاقوں میں گزشتہ روز ہوئی شدید ژالہ باری سے میوہ کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔وتہ لار کے ایک شہری منظور احمد بٹ نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ گزشتہ روز بیس سے پچیس منٹ کی ژالہ باری سے لاکھوں روپے مالیت کے تیار گلاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ۔چیف ہارٹی کلچر آفیسرگاندربل شبیر احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ وتہ لار،لار،ورپش اورگوٹلی باغ میں ژالہ باری سے گلاس کی فصل کو 60 فیصد اورسیب کی فصل کو 20 فیصدی تک نقصان پہنچا ۔ انہوں نے کہا”ہم نے فیلڈ سٹاف کو مکمل سروے کرنے کے لئے روانہ کردیا ہے اوردوائیاں بھی علاقوں میں روانہ کردی گئی ہیں۔ادھر ممبر اسمبلی گاندربل اور نیشنل کانفرنس کے ضلع صدرشیخ اشفاق جبار نے حکومت خصوصاً زراعت اور باغبانی کے حکام سے اپیل کی کہ وہ نقصان کا تخمینہ لگاکر متاثرین کے حق میں فوری مالی امداد فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ 10منٹ تک ہوئی ژالہ باری سے کھڑی فصلوں، سبزیوں اور میوہ باغات کو کافی نقصان پہنچا ہے۔