کشتواڑ//ریاستی کانگریس کے نائب صدر اور رکن اسمبلی اندروال غلام محمدسروڑی نے خطہ چناب کے ڈوڈہ وکشتواڑ اضلاع میںحالیہ ژالہ باری اورتباہ کن بارشوں سے باغات،فصلوں اور اراضی کو بڑے پیمانے پر ہوئے نقصان پرگہری تشویش ظاہرکرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متاثرہ کسانوں کوراحت پہنچانے کے لئے ٹھوس اقدامات اُٹھائے۔یہاں جاری ایک پریس ریلیزمیں اُنہوں نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں، ژالہ باری اور آندھی طوفان سے پورے چناب خطہ میں لوگوں کی املاک کو زبردست نقصان پہنچا ہے اور باغات ،فصلوں اور اراضی کی تباہی سے یہاں کے باغبانوں،کسانوں اور زمین مالکان کو سخت صدمہ پہنچا ہے جس سے بارہ نکلنے کے لئے اُن کو حکومتی امداد کی شدید ضرورت ہے۔اُنہوں نے حکومت سے فوری طورپرحرکت میں آکرمتاثرین کومعاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔اُنہوں نے کہاہے کہ صرف باغات فصلوں اور اراضی کو ہی نہیں بلکہ رہائشی مکانات اورسرکاری عمارتوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے جس کا فوری طور ازالہ کیا جانا چاہیے۔سروڑی نے کہا ہے کہ کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع کے چنگام، پھاگلواڑہ، پسرکوٹ، چھاترو، گوری نالہ، مالی ناڑ، کیکرواگن، سارون، سرتھل، سرور، بگرانا، درابشالہ، بونجواہ، پتنازی، ٹھاٹھری، پھگسو، کاہرہ، گاگرا، بٹولہ، ٹانٹا، جکیاس، بٹیاس، منوئی، باتھری، کانڈوت ، کونتواڑہ ، ناگ باٹہ، واڑون اوردچھن دیہات میں سینکڑوں رہائشی مکانات کو جزوی یا کلی نقصان پہنچا ہے،باغات اور فصلیں تباہ و برباد ہو کے رہ گئے ہیں، سرکاری عمارتوں خصوصاً اسکولی عمارات کو بھی بھاری نقصان پہنچا ہے اور پورا نظام متاثر ہوا ہے۔اُنہوں نے متاثرہ لوگوں کو فوری امداد فراہم کرنیاور سرکاری عمارات کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اُنہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ اور ڈوڈہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ نقصانات کاجائزہ لینے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف علاقوں اور دیہات میں بھیجیں اور اُن کی رپورٹ کے مطابق متاثرین کو امداد اور معاوضہ فراہم کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔سروڑی نے محکمہ تعمیراتِ عامہ ،پی ایم جی ایس وائی اور جے کے پی سی سی کو ٹھاٹھری کلہوتران شاہراہ ،ٹھاٹھری بونجواہ سڑک ،کوریاکیشوان، سانا منگتھا ،کوچھل ،ٹھاٹھری چیرا اور کاہرہ ٹانٹان لنک روڈس پر جنگی پیمانے پر کام کر کے اُنہیں جلد از جلد بحال کرنے کی ہدایت۔اُنہوں نے اُمید ظاہر کی ہے کہ ریاستی حکومت متاثرین کوراحت پہنچانے کے لئے فوری اقدامات اُٹھائے گی۔