سمت بھارگو
راجوری//راجوری اور پونچھ کو آپس میں جوڑنے والی بین الاضلاعی سڑک، جسے ڈی کے جی (دیرہ کی گلی) روڈ کے نام سے جانا جاتا ہے، پر جمعہ کے روز ساونی کے مقام پر مٹی کا تودہ گرنے کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت کئی گھنٹے متاثر رہی۔ یہ سڑک مغل روڈ سے جڑتی ہے اور خطے میں آمد و رفت کا ایک اہم ذریعہ ہے۔محکمہ جات کے افسران کے مطابق، جمعہ کی صبح شدید بارش کے پیش نظر احتیاطی تدابیر کے تحت اس سڑک پر گاڑیوں کی آمد و رفت روک دی گئی تھی۔ بعد ازاں موسم بہتر ہونے پر صبح کے اوقات میں سڑک کھول دی گئی، مگر ساونی کے قریب مٹی کا تودہ گرنے کے باعث دوبارہ سڑک بند کر دی گئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مٹی کا تودہ گرنے سے کئی گھنٹوں تک سڑک مکمل بند رہی، جس کے باعث راہگیروں، مسافروں اور مقامی لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی گاڑیاں سڑک کے دونوں جانب پھنس گئیں اور لوگوں کو لمبے انتظار کے بعد آمد و رفت کی اجازت ملی۔دوپہر کے وقت متعلقہ محکمے کی مشینری نے کارروائی کرتے ہوئے سڑک کو دوبارہ آمد و رفت کے لئے بحال کیا۔ تاہم عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حساس مقامات پر مستقل بنیادوں پر لینڈ سلائیڈنگ سے نمٹنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ مستقبل میں عوام کو اس طرح کی پریشانی سے بچایا جا سکے۔