محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن میں ضلع ترقیاتی کونسل (ڈی ڈی سی) چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد شان پر مختلف علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز میں کمی اور جانبداری کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ کئی کونسلروں نے اس اقدام کے خلاف سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیئرپرسن کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی ہے۔ڈی ڈی سی کونسلر رامسو اور سینئر کانگریس لیڈر بشیر احمد نائیک نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چیئرپرسن نے بانہال، کھڑی، رامسو، پوگل پرستان، گول اور راج گڑھ کے علاقوں کے منتخب کونسلروں کی جانب سے بھیجے گئے ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز میں غیر ضروری کمی کی ہے اور ان رقوم کو گول، سنگلدان اور منظورِ نظر افراد کی طرف موڑا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرپرسن کے اس غیر منصفانہ رویے کے خلاف 14میں سے 10ڈی ڈی سی ممبران نے دستخط شدہ عدم اعتماد کی تحریک ڈپٹی کمشنر رام بن ،جو ضلع الیکشن آفیسر رام بن بھی ہیں، کو پیش کی ہے، تاہم اب تک اس پر کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔بشیر احمد نائیک نے مزید کہا کہ ڈی سی سی چیئرپرسن ڈاکٹر شمشاد شان نے بانہال ، کھڑی ، رامسو ، پوگل پرستان ، گول اور راج گڑھ کے علاقوں کیلئے منتخب کونسلروں کی طرف سے اپنے اپنے علاقوں کی تعمیر وترقی کیلئے چیئرپرسن کو بھیجے گئے منصوبوں کیلئے فنڈس میں بہت کمی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی چیئرپرسن کے اس غیر منصفانہ اقدام کے ردعمل میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کی جس پر دس ممبران کے دستخط ہیں اور ہم سب پچھلے زائد از ایک مہینے سے اس پر کاروائی کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ممبر پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ کی نوٹس میں بھی لایا گیا ہے جنہوں نے اس پر غور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔سینئر کانگریس لیڈر بشیر احمد نائیک نے یوٹی سرکار اور گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کی منصفانہ تحقیقات کرائیں، کاٹے گئے فنڈز کو بحال کیا جائے، اور عدم اعتماد کی تحریک پر ضابطے کے مطابق کارروائی کی جائے۔