عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی)نے منگل کو ضلع ترقیاتی کونسل کے ایک رکن کو 50,000 روپے کی رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا۔ ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ملزم ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل (ڈی ڈی سی) ممبر کی شناخت محمد شعبان چوپان کے طور پر ہوئی ہے جو کہ دارا ہارون کا رہنے والا ہے۔اے سی بی ترجمان نے کہا کہ انسداد بدعنوانی کے ادارے کو ایک شخص کی طرف سے شکایت موصول ہوئی ،جو اسکالر بورڈنگ سکول کے ساتھ ساتھ ایک سوئمنگ پول اور ایک گیسٹ ہاس چک دارا، ہارون میں چلا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس مقام پر ایک سرکاری معائنہ کیا گیا اور شکایت کنندہ کو معلوم ہوا کہ یہ کام چوپان کے کہنے پر کیا گیا۔اے سی بی ترجمان نے کہا”اس کے بعد، ڈی ڈی سی ممبر نے اپنے ایک ایجنٹ غلام محمد کھٹانہ، جو داراہارون، سری نگر کا رہائشی بھی ہے، کے ذریعے 5,00,000 روپے کی رشوت طلب کی۔ شکایت کنندہ سے پہلی قسط کے طور پر 50,000 روپے ادا کرنے اور ایک خالی دستخط شدہ چیک دینے کو کہا گیا،” ۔انہوں نے کہا کہ شکایت کنندہ کو مزید کہا گیا کہ وہ مطلوبہ منظوری حاصل کرنے کے بعد باقی رقم ادا کرے۔شکایت کنندہ نے الزام لگایا کہ یہ سب چوپان کے کہنے پر اس پر دبائو ڈالنے اور اس سے رقم کا مطالبہ کرنے کی وجہ تلاش کرنے کے لیے کیا گیا۔شکایت پر کارروائی کرتے ہوئے، اے سی بی نے ایک نامزد افسر کے ذریعے محتاط تصدیق کی۔ ترجمان نے کہا کہ رپورٹ نے الزامات کی تصدیق کی ہے۔شکایت اور تصدیقی رپورٹ کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا۔ اس کے بعد، ایک ٹریپ ٹیم تشکیل دی گئی اور ایک کامیاب جال بچھایا گیا۔ترجمان نے کہا، “ٹریپ آپریشن کے دوران، ملزم سرکاری ملازم اور اس کا ایجنٹ شکایت کنندہ سے 50,000 روپے اور ایک خالی دستخط شدہ چیک مانگتے اور قبول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ انہیں فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔”