ڈی سی ڈوڈہ نے عید الاضحی سے قبل بازار کا معائنہ کیا

 عظمیٰ نیوز سروس

ڈوڈہ//ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے عید الاضحیٰ سے قبل ڈوڈہ قصبے میں بازار کا مکمل معائنہ کیا۔اے سی آر ڈوڈہ، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر، ڈی ایس پی ٹریفک، ای او ایم سی، فوڈ انسپکٹر اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ ڈی سی نے ضابطوں اور معیارات کی تعمیل کو یقینی بنایا۔اس دورے کا مقصد مارکیٹ چیکنگ کی سرگرمیوں کی نگرانی کرنا، بدعنوانی کو روکنا اور تہوار کے موسم میں مناسب قیمتوں پر ضروری اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنانا تھا۔معائنہ کے دوران ڈی سی ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے دکانداروں، تاجروں اور خریداروں سے بات چیت کی تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانیوں کو دور کیا جا سکے اور بازار کے سازگار ماحول کو برقرار رکھا جا سکے۔ڈی سی نے عید گاہ ڈوڈہ کا بھی دورہ کیا تاکہ آئندہ عید الاضحی کی نماز کے انتظامات کا جائزہ لیا جا سکے، صفائی، حفاظت اور جماعت کے لئے عیدگاہ کی مجموعی تیاریوں پر توجہ دی جائے۔ عوامی مقامات پر نظم و نسق اور صفائی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے، انہوں نے تہوار کے دوران فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور اتحاد کو برقرار رکھنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تعاون پر زور دیا۔ڈی سی ڈوڈہ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈوڈہ میں سڑکوں کے کنارے گاڑیاں کھڑی نہ کریں۔ڈی سی ڈوڈہ ہرویندر سنگھ نے تہوار کے دوران ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے اور پیدل چلنے والوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے سڑکوں کے کناروں پر نو پارکنگ پالیسی کو سختی سے نافذ کرنے پر زور دیا۔ڈوڈہ کی ضلعی انتظامیہ فعال اقدامات اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے تمام مکینوں کے لئے عید الاضحیٰ کی ایک محفوظ اور خوشگوار تقریب کو سہولت فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔