جاوید اقبال
مینڈھر //ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے مینڈھر سب ڈویژں کے دور افتاد ہ علاقہ سنگیوٹ کا دورہ کر کے ایک عوامی دربار لگاکر لوگوں کو درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا ۔آفیسر موصوف کے ہمراہ اس دوران ضلع اور سب ڈویژن انتظامیہ کے دیگر اعلیٰ آفیسران بھی موجود تھے ۔عوامی دربار کے دوران مکینوں نے علاقہ میں پینے کے صاف پانی کی قلت ،بجلی کی خستہ حالی کیساتھ ساتھ علاقہ میں جانے والی رابطہ سڑک کی انتہائی خستہ حالی کے سلسلہ میں شکایت درج کروائی ۔انہوں نے بتایا کہ علاقہ میں محکمہ کی جانب سے زیر تعمیر ایک سب سنٹر کی عمارت گزشتہ کئی برسوں سے مکمل ہی نہیں کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ عمارت کی دیواریں دس برس قبل تعمیر کی گئی تھی لیکن ابھی تک اس کو لینٹر ہی نہیں ڈالا جاسکا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ رابطہ سڑک کو مکمل کرنے کیلئے کئی مرتبہ متعلقہ حکام سے رجوع کیا گیا لیکن ابھی تک اس کی حالت جوں کی توں ہی پڑی ہوئی ہے ۔ڈی سی نے عوامی مسائل کا جائز لینے کے بعد یقین دہانی کروائی کے عوامی مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ رابطہ سڑک کو آئندہ چھ ماہ میں مکمل کیا جائے گاجبکہ دیگر مسائل کیلئے بھی انہوں نے متعلقہ آفیسران کو ہدایت جاری کیں ۔اس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کونسل کی رکن اور بلاک ڈیو لپمنٹ کونسل کی چیئر مین بالاکو ٹ بھی موجود تھیں ۔
ڈی سی پونچھ کا سنگیوٹ میں عوامی دربار
