عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ // ڈپٹی کمشنر پونچھ، اشوک کمار شرما کی صدارت میں ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ضلع میں قائم ’کامن سروس سنٹرز‘کی کارکردگی اور ان کے ذریعے فراہم کی جانے والی سرکاری آن لائن سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس میٹنگ کا مقصد یہ تھا کہ عام عوام کو مختلف سرکاری محکموں کی آن لائن خدمات تک آسان اور مؤثر رسائی کو یقینی بنایا جا سکے۔میٹنگ کے دوران ضلع منیجر سی ایس سی، امتیاز احمد نے ضلع میں سی ایس سی کی کارکردگی اور دستیاب سہولیات پر روشنی ڈالی۔ بتایا گیا کہ ضلع میں 330 ویلیج لیول انٹرپرینیورز سرگرم ہیں جبکہ 23 سی ایس سی ٹچ پوائنٹس مختلف سرکاری دفاتر میں کام کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر زور دیا کہ زیادہ سے زیادہ عوام کو سی ایس سی کی خدمات سے واقف کرانے کے لئے خصوصی بیداری مہم شروع کی جائے تاکہ لوگ اپنی روزمرہ ضروریات کے لئے ان سہولیات سے فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن پورٹل کی یہ خدمات عوام کے وقت اور وسائل کی بچت کے ساتھ ساتھ شفافیت اور سہولت فراہم کرنے کے لئے نہایت اہم ہیں۔مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے سنٹر آپریٹرز کو منظم انداز میں کام کرنے کی ہدایت دی اور ایک ’ریگولیٹری باڈی ‘قائم کرنے پر زور دیا تاکہ ان کی کارکردگی میں مزید بہتری لائی جا سکے اور عوام کو کسی بھی سطح پر دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔اس میٹنگ میں جنرل منیجر ڈی آئی سی، سی پی او، اے سی پی، اے سی آر، سی ایم او، ایکسین جے پی ڈی سی ایل، ڈی ایس ڈبلیو او، اے ایل سی، منیجر ایس آئی سی او پی، ڈسٹرکٹ انفارمیٹکس آفیسر، ایل ڈی ایم، ضلع منیجر سی ایس سی پونچھ سمیت متعدد وی ایل ایز نے بھی شرکت کی۔