عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈپٹی کمشنر وکاس کندل، جو کہ ضلع سطحی روڈ سیفٹی کمیٹی (DLRSC) کے چیئرمین بھی ہیں، نے سڑک حادثات کی روک تھام اور عوامی تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے سڑک حفاظتی اقدامات کا جامع جائزہ لیا۔اجلاس کے دوران، ڈپٹی کمشنر نے بارڈر روڈز آرگنائزیشن (BRO) کو ہدایت دی کہ وہ بی جی ٹنل سے پونچھ شہر تک کے راستے میں آٹھ ٹوائلٹ کمپلیکس تعمیر کرے اور اس کے لئے متعلقہ تحصیلدار کے ساتھ مشاورت کر کے موزوں مقامات کی نشاندہی کی جائے۔اجلاس میں حادثاتی مقامات (بلیک اسپاٹس) کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اور سڑک حفاظتی اقدامات کو مؤثر بنانے کے لئے زیر التوا مسائل کے حل کے احکامات دئیے گئے۔ اے آر ٹی او پونچھ نے 2024 میں کئے گئے اہم نفاذی اقدامات کی رپورٹ پیش کی، جس میں 176 ڈرائیونگ لائسنس معطل، 640 گاڑیاں بلیک لسٹ، 32 لائسنس منسوخ، اور 876 چالان کئے گئے، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر 10.79 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے ناخہ والی روڈ پر رفتار کی حد کے سائن بورڈز اور حفاظتی آئینے نصب کرنے کے احکامات دئیے اور اے آر ٹی او کو ہدایت دی کہ اسکول بسوں میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے عمل کو تیز کیا جائے۔کمیٹی نے لاپرواہ ڈرائیوروں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیا اور حادثات کا سبب بننے والے افراد کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے کی سفارش کی۔