عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل نے ڈی سی آفس کمپلیکس میں ایک ضلع سطحی اسٹینڈنگ کمیٹی (DLSC) میٹنگ کی صدارت کی، جس میں سرحدی سیکورٹی اور کنٹرول لائن (LoC) کے قریب کمیونٹی کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانے پر غور کیا گیا۔میٹنگ میں اہم سیکورٹی خدشات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور بم پروف بنکروں کی تعمیر سمیت دیگر اہم اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ فوجی حکام نے خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے جاری کوششوں پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر نے پولیس اور بارڈر سیکورٹی فورس (BSF) سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں کو منشیات کی اسمگلنگ اور دیگر سماجی مسائل کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت دی اور بین الادارتی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پانی اور بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے اور سرحدی علاقوں میں ویٹرنری، میڈیکل کیمپس اور سول ایکشن پروگرامز کے انعقاد کی بھی تاکید کی۔علاوہ ازیں، بی آر اوکو پونچھ شہر کے لئے ایک متبادل پل کی تعمیر کے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت دی گئی۔اس میٹنگ میں اے ڈی سی، ایڈیشنل ایس پی، اے سی آر، سی پی او، اے سی ڈی، سی ایم او، تحصیلدار، فوج، بی ایس ایف، پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔دریں اثنا، ڈپٹی کمشنر نے پردھان منتری متسیا سمپدا یوجنا (PMMSY) سے متعلق ضلع سطحی کمیٹی کی میٹنگ کی صدارت کی، جو مقامی ماہی گیروں کو ضروری مدد اور وسائل فراہم کرنے کے لئے ایک اہم اسکیم ہے، تاکہ معیشت کو فروغ دیا جا سکے۔ابتداء میں، فشریز ڈیو لپمنٹ آفیسر نے پی ایم ایم ایس وائی کے تحت رجسٹرڈ کیسز کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔تفصیلی غور و خوض کے بعد، ڈپٹی کمشنر نے چار مستحق مستفیدین کی درخواستوں کو منظور کر لیا، جو مقامی ماہی گیری کی ترقی اور پائیداری کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے۔اس اجلاس میں پی او آئی سی ڈی ایس، اے سی ڈی، سی اے او، جی ڈی سی پونچھ کے شعبہ حیوانیات کے سربراہ، فشریز ڈیو لپمنٹ آفیسر، اے ڈی فشریز سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔