ڈی سی نے کامسر پونچھ میں جے کے بینک کی نئی شاخ کا افتتاح کیا

Towseef
2 Min Read

حسین محتشم

پونچھ//جموں اینڈ کشمیر بینک کی جانب سے پونچھ کامسر میں چیف ایجوکیشن آفس آفس کے بالکل سامنے عوام کی سہولت کے لئے نئی برانچ کھولی گئی۔جس کا افتتاح ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ، یاسین ایم چودھری (آئی اے ایس) نے رسمی ربن کاٹ کر کیا۔نئی برانچ کھولنے پر بزرگ شہریوں اور مقامی تاجروں نے بینک کے افسران کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ برانچ علاقے کی مالیاتی ترقی اور سماجی اقتصادی بہبود کو مزید بہتر بنائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ضلع پونچھ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ احاطے کے قیام پر بینک کی تعریف کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ امید ہے کہ بینک ڈیجیٹل مصنوعات اور خدمات کی توسیع کے ساتھ ساتھ دیہی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے حکومتی اسپانسر شدہ اسکیموں پر کام کرے گی تاکہ بڑے پیمانے پر لوگ اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جے اینڈ کے بینک کے زونل ہیڈ ستیش کمار نے کہا، “چونکہ صارفین کی سہولت بینک کی قیادت کی اولین ترجیح ہے، اس لیے آج ہم پونچھ کے لوگوں کے لیے جدید ترین برانچ کے اس نئے احاطے کو وقف کرتے ہیں۔انہوں نے بینک کی مختلف اسکیموں کے بارے میں بتایا اور لوگوں پر زور دیا کہ وہ بینک کی خدمات سے استفادہ کریں جو ان کی مالی اور بینکنگ ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تیار کی گئی ہیں۔ اس موقع پر موجود افراد نے بینک کی کاوشوں کو سراہا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔ کلسٹر ہیڈ پونچھ اعجاز احمد نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر زونل ہیڈ راجوری ستیش کمار، کلسٹر ہیڈ پونچھ اعجاز احمد، چیف ہارٹیکلچر آفیسر پونچھ سنجیو کمار، ضلعی افسران، سابق میونسپلٹی چیئرمین ایڈوکیٹس سنیل کمار شرما بھی موجود رہے۔

Share This Article