عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ضلع ریاسی کی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر ندھی ملک کی قیادت میں پانی کے ذخائر اور ریچارج ڈھانچوں کی صفائی و مرمت کے لئے ہفتہ بھر کی مہم کا آغاز کیا۔ یہ مہم ’جل شکتی ابھیان کیچ دی رین 2025‘ کے تحت 1 سے 7 مئی تک جاری رہے گی۔مہم کے دوران ہر بلاک میں صفائی اور مرمت کی سرگرمیاں عمل میں لائی جائیں گی، جس کے لئے متعلقہ بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز نے ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ اس مہم کا مقصد پانی کے ذخائر، ریچارج ڈھانچوں اور روایتی آبی وسائل کی صفائی، مرمت اور بحالی ہے تاکہ پانی کے وسائل کا مؤثر تحفظ اور استعمال یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر ندھی ملک نے اس سلسلے میں تمام بلاک ڈیولپمنٹ آفیسرز کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا اور انہیں ضروری ہدایات دیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ تمام پانی کے ذخائر اور ریچارج ڈھانچے مکمل، فعال اور اچھی حالت میں ہوں۔ اس اقدام سے نامکمل یا خراب ڈھانچوں کی نشاندہی اور نئے مالی سال کے ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی میں بھی مدد ملے گی۔مہم کے آغاز پر، ڈپٹی کمشنر نے ’امرت سروور‘ اور ’جل شکتی ابھیان‘ کے تحت ترقی یافتہ تالابوں اور قدرتی ذخائر کا دورہ کیا اور جاری صفائی و مرمت کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے پانی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پانی کے ذخائر کا تحفظ اور دیکھ بھال ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ریاسی انتظامیہ نے دیہی ترقی،جنگلات، جل شکتی اور کمیونٹی رضاکاروں سمیت مختلف محکموں کو اس مہم میں فعال شرکت کیلئے متحرک کیا ہے تاکہ پانی کے وسائل کا پائیدار انتظام اور ذمہ دارانہ استعمال کو فروغ دیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے ذریعے ہم ہر شہری کو اپنے آبی ورثے کا محافظ بننے کی ترغیب دینا چاہتے ہیں۔