عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ڈپٹی کمشنر ریاسی اورشیو کھوڑی شرائن بورڈ (SSKSB) کی وائس چیئرپرسن ندھی ملک نے پیر کے روز شیو کھوڑی کی شراون مہواُتسو کا شاندار افتتاح کیا۔محکمہ سیاحت اور شیو کھوڑی شرائن بورڈ کے اشتراک سے منعقدہ اس تہوار کا آغاز درشنی دیوڑی رنسو بیس کیمپ سے مقدس گْفا تک شاندار ’کواڑ یاترا‘ سے ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر سمیت عقیدت مندوں نے رنگ برنگے کواڑ اپنے کندھوں پر اٹھا کر بھجن گاتے ہوئے شرکت کی۔مقدس گْفا میں رودرابھشیک کی پوجا اور ہون کنڈ بھون میں ہون کی رسومات ادا کی گئیں، جن میں ڈپٹی کمشنر نے ذاتی طور پر شرکت کی۔شراون مہواُتسو کے دوران ہر سوموار کو کواڑ یاترا، 27 جولائی سے 4 اگست تک شیو پران کتھا اور 4 اگست کو بھجن سندھیا کا اہتمام کیا جائے گا، جس سے بڑی تعداد میں عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔؎ڈپٹی کمشنر ندھی ملک نے موقع پر موجود عقیدت مندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے شراون ماہ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور شرائن بورڈ، محکمہ سیاحت اور ضلعی انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے صاف پانی، بجلی، طبی امداد اور فائر سیفٹی سمیت تمام انتظامات کو یقینی بنانے پر زور دیا۔تقریب میں اے ڈی سی راکیش کمار، تحصیلدار پونی ساحل رندھوا، مینیجر شرائن بورڈ ترسم لعل شرما، ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای، اے ڈی ٹورزم سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔یہ مہواُتسو ضلع ریاسی کی ثقافتی شناخت کو اجاگر کرنے اور مذہبی سیاحت کے فروغ میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔