عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی//ضلع ریاسی کی ڈپٹی کمشنر ندھی ملک نے کٹرہ کے خوبصورت گاؤں آگر جتو میں تین روزہ سالانہ بابا آگر جتو میلہ کا شاندار افتتاح کیا۔ یہ میلہ روحانی لگن، ثقافتی روایتوں اور عوامی جوش و خروش کا حسین امتزاج ہے۔میلے میں مقامی افراد، عقیدت مندوںاور سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مختلف سرکاری محکموں جیسے صحت، دستکاری، باغبانی، زراعت، سماجی بہبود، سیاحت اور مویشی پالن کی جانب سے معلوماتی اور تخلیقی اسٹالز لگائے گئے، جہاں لوگوں نے حکومت کی فلاحی اسکیموں کیلئے موقع پر رجسٹریشن بھی کروایا۔ڈپٹی کمشنر نے اسٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے محکموں کی جانب سے پیش کردہ تخلیقی نمائشوں کی سراہنا کی۔ اس موقع پر مقامی فنکاروں اور طلباء نے بابا آگر جتو کی حیات اور وراثت پر مبنی ثقافتی پروگرام پیش کئے۔اپنے خطاب میں ڈی سی نے کہاکہ ’ریاسی ایک ثقافتی طور پر مالا مال ضلع ہے اور بابا آگر جتو میلہ اس ورثے کا اہم حصہ ہے۔ میلے کے پرامن اور منظم انعقاد کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں‘‘۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور مندر کمیٹی مل کر اس روایت کو جوش و خروش سے منانے اور عوام تک سرکاری اسکیموں کے فوائد پہنچانے کے لئے پرعزم ہیں۔میلے کے دوران ’وکست کرشی سنکلپ ابھیان‘ کے تحت محکمہ زراعت، کے وی کے ریاسی اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے ایک خصوصی بیداری پروگرام بھی منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں کسانوں نے شرکت کی اور زرعی شعبے کی جدید معلومات حاصل کیں۔