عظمیٰ نیوز سروس
ریاسی// ڈپٹی کمشنر ریاسی ندھی ملک نے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں ضلع میں حالیہ بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات اور جاری بحالی کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے پی ایچ ای، جے پی ڈی سی ایل، پی ڈبلیو ڈی اور پی ایم جی ایس وائی کے شعبوں میں بحالی کی صورتحال کا باریک بینی سے معائنہ کیا۔ انہوں نے پی ایم جی ایس وائی کے ایگزیکٹو انجینئر کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی صفائی اور بحالی کیلئے افرادی قوت، مشینری اور ضروری مواد بروئے کار لایا جائے اور تمام قابلِ آمد و رفت سڑکیں دو دن کے اندر بحال کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹھیکیداروں پر جوابدہی عائد کی جائے اور بحالی کاموں کی چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کی ۔ایچ ای سیکٹر کا جائزہ لیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلع میں 60 فیصد پانی کی فراہمی بحال ہو چکی ہے جبکہ 14 اسکیمیں متاثر ہیں جن پر مرمتی کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ کو ہدایت دی کہ نقصان پہنچنے والی اسکیموں کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر جمع کروائی جائے۔بجلی کے شعبے میں ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ پورے ضلع میں بجلی کی بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ بتایا گیا کہ بیشتر علاقوں میں بجلی بحال ہو چکی ہے جبکہ صرف 2 فیصد ٹرانسفارمرز کی مرمت باقی ہے۔ ڈی سی نے ہدایت دی کہ ٹرانسفارمرز کو دھنسنے والے علاقوں سے منتقل کیا جائے اور مرمتی کام ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔مزید برآں، ڈپٹی کمشنر ندھی ملک نے ڈسٹرکٹ منرل آفیسر کو پی ڈبلیو ڈی اور پی ایم جی ایس وائی افسران کے ساتھ مل کر پلوں اور کلورٹس کا مشترکہ معائنہ کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے نکاسی آب کی نالیوں کی فوری صفائی پر زور دیا تاکہ دریا کے بہاؤ میں رکاوٹ نہ ہو اور پلوں و کلورٹس کی پائیداری برقرار رہے۔