محمد تسکین
بانہال // ڈپٹی کمشنر رامبن بصیرالحق چودھری نے قصبہ رام بن کے تباہ حال واڑوں کا دورہ کرکے وہاں جاری بحالی کے کام کا جائزہ لیا اور متاثرین سے ملاقات کی ۔ انہوںنے قصبہ رام ن میں بھاری ملبے کے نیچے آنے سے تباہ ہوئے رہائشی مکانوں ، گلی کوچوں اور سڑکوں کی بحالی کے کام پر لگائی گئی ٹیموں ، مشینری اور افراد قوت کیطرف سے کئے جا رہے کام کا جائزہ لیا تاکہ تباہ ہوئے رہائشی مکانوں کو دوبارہ رہنے کے قابل بنایا جاسکے ۔ ضلع انتظامیہ نے ریل کے زریعے وادی کشمیر سے سنگلدان پہنچنے والے سیاحوں اور مسافروں کی مدد کیلئے ایک ہلیپ ڈیسک بھی قائم کیا ہے اور سنگلدان ریلوے سٹیشن سے آگے کے سفر کیلئے سیاحوں کی رہنمائی کی جا رہی ہے ۔اس کے بعد ڈپٹی کمشنر رامبن بصیر الحق نے داک بنگلہ رام بن میں افسروں کی ایک میٹنگ کی صدارت کی اور انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ متاثرہ لوگوں کی بھرپور مدد اور راحت رسانی اور بحالی کے کام میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ کریں تاکہ عوام کو جلد از جلد راحت پہنچائی جا سکے۔