عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// ڈپٹی کمشنر راجوری، ابھیشیک شرما نے ایک ورچوئل میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کل منعقد ہونے والی گرام سبھاؤں کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ یہ گرام سبھائیں ضلع کی 104 قبائلی بستیوں میں آدی کرم یوگی ابھیان کے تحت ویژن ڈاکیومنٹس تیار کرنے اور تمام پنچایتوں میں ایم جی نریگا منصوبوں کو حتمی شکل دینے کے مقصد سے منعقد کی جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت دی کہ گرام سبھاؤں کے شیڈول کو ہر پنچایت میں وسیع پیمانے پر مشتہر کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ عوامی شمولیت یقینی بنائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی چوکی دار اور نمبر دار کی شرکت لازمی بنائی جائے تاکہ نچلی سطح پر منصوبہ بندی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔انہوں نے زور دیا کہ ایم جی نریگا منصوبے طے شدہ قواعد و ضوابط کے مطابق ہی حتمی شکل دئیے جائیں اور ان میں زیادہ سے زیادہ کمیونٹی پر مبنی کاموں کو شامل کیا جائے تاکہ عوامی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کیا جا سکے۔مزید برآں، ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ ٹینڈر شدہ کاموں کے الاٹمنٹ کے عمل میں تیزی لائی جائے اور ضلع میں جاری کیپیکس پروجیکٹس پر بروقت اخراجات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ترقیاتی رفتار برقرار رہے۔میٹنگ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اے سی آر، سی پی او، اے سی پی، اے سی ڈی، تحصیلداروں، بی ڈی اوز اور دیگر ضلعی و سیکٹورل افسران نے شرکت کی۔