عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ضلع راجوری میں پردھان منتری آواس یوجنا – اربن2.0 کے تحت شہری غریبوں کو رہائشی سہولیات فراہم کرنے کی اسکیم کی عمل درآمد صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کمپلیکس کے وی سی روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر (ڈی ڈی سی) ابھشیک شرما نے کی۔اجلاس کے دوران یونائیفائیڈ ویب پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں کی جانچ پڑتال اور ان کی تصدیق کے عمل کا جائزہ لیا گیا، جسے متعلقہ شہری بلدیاتی اداروں نے انجام دیا ہے۔اجلاس میں متعدد کمیٹی ممبران نے شرکت کی، جن میں اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد جہانگیر خان، ضلع سماجی بہبود افسر عبد الرحیم، لیڈ بینک منیجر، جے کے ہاؤسنگ بورڈ کے سینئر منیجر (ممبر سیکریٹری)، میونسپل کونسل راجوری کے ایگزیکٹو آفیسر اور نوشہرہ، سندر بنی، کالاکوٹ اور تھنہ منڈی کے میونسپل کمیٹیوں کے ایگزیکٹو افسران شامل تھے۔تفصیلی غور و خوض کے بعد کمیٹی نے اسکیم کے تحت امداد کے لیے 14 درخواستوں کو منظوری دے دی۔ اس موقع پر ڈی ڈی سی نے ہدایت دی کہ باقی زیر التوا درخواستوں کی بروقت تصدیق کی جائے تاکہ مستحق شہریوں کو فوری فائدہ پہنچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سب کے لیے رہائش فراہم کرنے کے عزم پر قائم ہے اور اس مقصد کے لیے تمام محکموں کے مابین قریبی تعاون ضروری ہے تاکہ اسکیم کو شفاف اور مؤثر انداز میں نافذ کیا جا سکے۔