عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//آنے والے تہواروں کے پیش نظر، ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے شہر کا تفصیلی دورہ کیا اور صفائی، بنیادی ڈھانچے، اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈی سی راجوری نے شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی اور نکاسی آب کی صورتحال کا معائنہ کیا اور میونسپل کونسل کے ایگزیکٹو آفیسر کو بہتر صفائی کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت دی۔انہوں نے شہر میں کھلے اور غیر محفوظ مین ہولز پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور متعلقہ افسران کو فوری اصلاحی اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے۔مزید برآں، کچھ مقامات پر کھلے عام کوڑا کرکٹ پھینکنے کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے، ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات دیں کہ ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جائے اور شہر کو صاف رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔شہر میں ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے اور پارکنگ کی سہولیات میں اضافہ کرنے کے لیے، جل شکتی ڈیپارٹمنٹ کے پمپنگ اسٹیشن کے قریب ایک مخصوص موٹر سائیکل پارکنگ ایریا قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ڈی سی نے محکمہ بجلی (PDD) کے دفتر کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے عوام سے ملاقات کی۔ مقامی لوگوں نے بجلی کے زائد بلوں پر شکایات پیش کیں، جس پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو شفاف بلنگ کا نظام نافذ کرنے اور عوامی مسائل کو مقررہ مدت میں حل کرنے کی سخت ہدایت دی۔ڈپٹی کمشنر نے ونداتا آشرم پل کے تعمیراتی مقام کا جائزہ لیا اور متعلقہ محکموں کو منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے فنڈز کے بندوبست کی ہدایت دی۔انہوں نے ورکشاپ برج سے مبارک پورہ تک کے روڈ سیکشن کا بھی دورہ کیا، جہاں مقامی تنازعات کی وجہ سے تعمیراتی کام میں رکاوٹ پیدا ہو رہی تھی۔ ڈی سی نے محکمہ تعمیرات عامہ (PWD) کو معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کرنے اور جلد از جلد تعمیری کام مکمل کرنے کی ہدایت دی۔