عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ڈپٹی کمشنر راجوری ابھیشیک شرما نے ڈی سی آفس کے وی سی روم میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں ضلع ماحولیاتی منصوبے کے نفاذ کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ماحولیاتی تحفظ، فضلہ انتظام، شجرکاری مہمات اور آلودگی پر قابو پانے کے لئے کی جانے والی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی سی نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ ماحولیاتی بگاڑ کو کم کرنے اور پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے لئے مربوط کوششیں کریں۔ انہوں نے آلودگی پر قابو پانے کے اقدامات کو مضبوط کرنے، شجرکاری مہمات کو فروغ دینے اور شہری و دیہی علاقوں میں مناسب فضلہ تلفی کے نظام کو یقینی بنانے کی تاکید کی۔ انہوں نے ماحولیاتی تحفظ میں عوامی شمولیت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ اداروں سے ماحول دوست طرز عمل کے بارے میں شعور بیدار کرنے کی اپیل کی۔اجلاس کے دوران افسران نے ڈی سی کو ضلع ماحولیاتی منصوبے کے تحت جاری سرگرمیوں بشمول ٹھوس فضلہ مینجمنٹ، شجرکاری پروگراموں اور کان کنی کے ضوابط سے متعلق اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ایگزیکٹو انجینئر پی ایچ ای کو ہدایت دی گئی کہ وہ پینے کے پانی کے ذرائع کی صفائی کو یقینی بنائیں اور فلٹریشن پلانٹس، کھدائی والے کنوؤں اور دیگر آبی ذخائر کے قریب غیر قانونی کان کنی کی سرگرمیوں پر سخت کارروائی کریں، جس میں خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنا بھی شامل ہے۔اسی طرح، میونسپلٹی افسران کو ہدایت دی گئی کہ وہ گندے پانی کے اخراج پر سخت نظر رکھیں تاکہ آلودگی کو روکا جا سکے اور نکاسی آب کے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ضلع آلودگی افسر کو ہدایت دی گئی کہ وہ راجوری ٹاؤن کے لیے پانی کے ذخائر کا ایک نظرثانی شدہ منصوبہ پیش کریں تاکہ مقامی آبی وسائل کے بہتر تحفظ اور انتظام کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈی سی راجوری نے تمام محکموں کو اپنی ماحولیاتی سرگرمیوں پر پیش رفت رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی، جبکہ میونسپلٹی افسران کو فضلہ کی علیحدگی اور اس کے تلفی کے رہنما خطوط پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانے کے احکامات دئیے ۔اجلاس کا اختتام اس عزم کے ساتھ ہوا کہ ضلع ماحولیاتی منصوبے کو مؤثر طریقے سے نافذ کیا جائے گا اور راجوری میں پائیدار اور ماحول دوست ترقی کو فروغ دیا جائے گا۔