پلوامہ //ڈی سی آفس پلوامہ میں بدھ کو دومشکوک افراد کے اندر داخل ہونے کے فوراً بعد فورسز نے محاصرہ کیا اور قریب ایک گھنٹے تک تلاشی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ، فوج کی55آر آر اور سی آر پی ایف 183بٹالین سے وابستہ اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد نے بدھ کی دوپہر ساڑھے12بجے کے قریب ضلع ترقیاتی کمشنر پلوامہ آفس کمپلیکس کو اس وقت گھیرے میں لیاجب آفس کے متصل سی آر پی ایف183بٹالین کیمپ کے آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی نگرانی پر مامور اہلکاروں نے بھاری بیگ ہاتھوں میں لئے دو نوجوانوں کو مشکوک حالت میں ڈی سی آفس کے اندر جاتے دیکھا۔ اسی اثناء میں فورسز اہلکاروں کی بھاری تعداد نے ڈی سی آفس کو چاروں طرف سے محاصرے میںلیا۔ اُس وقت آفس میں لوگوں کی بھاری بھیڑ موجود تھی۔سیکورٹی فورسز نے تمام ملازمین کو آفس کے احاطے میں جمع کیا جبکہ وہاں موجود عام لوگوں کی سخت جامہ تلاشی لینے کے ساتھ ساتھ ان کے شناختی کارڈ بھی چیک کئے گئے ۔بعد میں آفس کی مختلف عمارات میں موجود تمام کمروں کی باریک بینی سے تلاشی لی گئی۔ادھر فوج کی 55راشٹریہ رائفلز اور پولیس ٹاسک فورس نے دوران شب پلوامہ کے مضافاتی دیہات اشمندر پلوامہ کو محاصرے میں لیکر تلاشی کارروائی کی۔ دوران تلاشی مکینوں کے شناختی کارڈ چیک کئے گئے۔