سرینگر//وسطی ضلع بڈگام کے ڈپٹی کمشنر دفتر کے احاطے میں بدھ کو ایک تیندوا دیکھا گیا۔ باور کیا جاتا ہے کہ یہ وہی جانور ہے جس نے گذشتہ ہفتے اُومپورہ ہاوسنگ کالونی میں ایک کمسن بچی کو اپنا شکار بنایا۔
نیوز ایجنسی کے این او کے مطابق تیندوے کو مقامی لوگوں اور سیکورٹی فورسز اہلکاروں نے ڈی سی آفس احاطے میں دیکھتے ہی محکمہ جنگلی حیات حکام کو مطلع کیا۔
مذکورہ محکمہ کے ذرائع نے بتایا کہ ایک ٹیم جائے مقام پر پہنچ گئی ہے تاہم ابھی تک چار گھنٹے گذرنے کے باوجود جانور اُن کی نظروں میں نہیں آیا ہے۔
اُن کا تاہم کہنا ہے کہ ڈی سی آفس میں تیندوے کے پیروں کے جو نشان پائے گئے ہیں وہ اُسی جانور کے نشانات سے مل گئے ہیں جس نے گذشتہ ہفتے اُومپورہ میں ایک کمسن بچی کو اٹھاکر لے اپنے ساتھ لیا تھا اور جس کو بعد میں مردہ حالت میں نزدیکی جنگلی نرسری میں پایا گیا تھا۔