سرینگر//ڈائریکٹر جنرل پولیس( ڈی جی پی) کے راجندرا کمار نے جموں وکشمیر پولیس کو عوامی خدمت میں اپنی پیشہ وارانہ قابلیت کو بڑھانے کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے ریاستی عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کی اہمیت کو بھی اُجاگر کیا۔ ڈی جی پی آج یہاں ڈسٹرکٹ پولیس لائین میں پولیس دربار سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ریاست میں امن و قانون کو بنائے رکھنے اور لوگوں کے ساتھ روابط کو مستحکم کرنے کی ہدایت دی۔ جوانوں اور افسروں کی خدمات کی سراہنا کرتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ جموں وکشمیر پولیس نے مشکل حالات میں بھی ریاست میں امن و قانون کو بنائے رکھنے میں نظم و ضبط کا بہترین مظاہرہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سب پولیس اور دیگر حفاظتی ایجنسیوں کی مشترکہ کوششوں کانتیجہ ہے کہ ریاست کی صورتحال میں بہتری آرہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ مہینوں کی غیر یقینی کی صورتحال سے نمٹنا ریاستی پولیس کے لئے ایک بڑا چیلنج تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران پولیس اور سیکورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے لیکن انہوں نے پیشہ وارانہ صلاحیت اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ بہبودی اقدامات کا حوالہ دیتے ہوئے ڈی جی پی نے کہا کہ جوانوں کی فلاح و بہبود محکمہ کی ترجیح ہے جس کے لئے ریاستی اور مرکزی حکومت اپنا تعاون پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور شہدا¿ کے لواحقین کی بہبود کے لئے متعدد اقدامات اُٹھائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں کی بہبودی سے متعلق التواءمیں پڑے کئی معاملات کے ازالہ کے لئے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔اس موقعہ پر ڈی جی پی نے ترقی حاصل کرنے والے جوانوں اور افسروں کو ڈیکوریٹ کیا۔ اس سے قبل آئی جی پی کشمیر ایس جے ایم گیلانی نے دربار کے موقعہ پر ڈی جی پی کا خیر مقدم کیا۔بعد میں ڈی جی پی نے سپیشل ڈی جی کوارڈی نیشن/ لاءاینڈ آرڈر ڈاکٹر ایس پی وید کے ہمراہ افسروں کی ایک میٹنگ طلب کی جس میں وادی میں امن و قانون کو بنائے رکھنے سے متعلق متعدد امور زیر بحث لائے گئے۔اس موقعہ پر ڈی آئی جی ، ایس پی پنی، ایس ایس پی سرینگر، اے آئی جی( پرنسپل) کے علاوہ دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔