عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر کے ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) نلین پربھات نے جنوبی کشمیرمیں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے موجودہ سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنانے، مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان ہم آہنگی یقینی بنانے اور خطے میں انسدادملی ٹینسی کی کوششوں کو تقویت دینے پر زور دیا۔انہوں نے اپنے دو روزہ دورہ کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے فعال اقدامات اور عوام دوست پولیسنگ کی اہمیت پر زور دیا۔موصولہ بیان کے مطابق دورے کا مقصد جنوبی کشمیر میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینا تھا۔دورے کے دوران پلوامہ، شوپیاں، کولگام اور اونتی پورہ اضلاع کا جائزہ لیا گیا۔ ڈی جی پی نے آری پل میںاگلی چوکیوں اور ترال میں اسپیشل آپریشن گروپ (SOG)کیمپ کا بھی دورہ کیا۔