سمت بھارگو
راجوری//مرکزی ریزرو پولیس فورس (CRPF) کے ڈائریکٹر جنرل جی پی سنگھ نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری میں فورس کے مختلف کیمپوں کا دورہ کیا تاکہ جوانوں کے حوصلے بلند کئے جا سکیں اور ان کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ڈی جی سی آر پی ایف نے ضلع راجوری میں مجموعی سیکورٹی صورتحال اور فورس کی آپریشنل تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کالاکوٹ میں قائم فورس کے مرکز اور تھنہ منڈی کے کوپرا ٹاپ پر قائم نئے کاؤنٹر انسرجنسی (CI) کیمپ کا بھی دورہ کیا۔کوپرا ٹاپ پر قائم سی آر پی ایف کی 237 بٹالین کا یہ نیا کیمپ ایک اہم اسٹریٹیجک مقام پر قائم کیا گیا ہے، جہاں گزشتہ چار برسوں میں بڑے پیمانے پر دہشت گردانہ سرگرمیاں دیکھنے میں آئی ہیں۔ڈی جی سی آر پی ایف نے دورے کے دوران افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے آپریشنل تجربات کو سنا۔ اس موقع پر انہوں نے جوانوں کو اپنی ذمہ داریوں کے تئیں عزم، استقامت اور پیشہ ورانہ مہارت کو برقرار رکھنے کی تلقین کی۔فورس کے اہلکاروں کو اپنے فرائض کی انجام دہی میں استقامت اور ذہنی و جسمانی توازن برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈی جی نے انہیں پوری لگن اور تازہ جوش و ولولے کے ساتھ کام کرنے کی ترغیب دی۔سرکاری ذرائع کے مطابق، ڈی جی سی آر پی ایف کا یہ دورہ ضلع راجوری میں تعینات جوانوں کے حوصلے بلند کرنے میں معاون ثابت ہوگا، جو دہشت گردی کے خلاف آپریشنز میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔