نئی دلی //ڈائریکٹوریٹ آف ایڈواٹائزنگ اینڈ ویجول پبلسٹی ( ڈی اے وی پی ) حکومت ہند نے ملک بھر میں سرکاری اشتہارات کی اجرائی کے لئے 804 اخبارات اور جریدوں کو معطل کیا ہے۔ ان میں ریاست جموں و کشمیر سے شائع ہونے والی 15 اشاعتیں بھی شامل ہیں۔ڈی اے وی پی کی طرف سے محکمہ اطلاعات کو ا س سلسلے میں بھیجے گئے حکمنامے کی کاپی کے مطابق یہ پایا گیا ہے کہ ڈی اے وی پی کے ساتھ منسلک 804( اخبارات اور جریدوں نے اکتوبر 2016ء سے فروری 2017ء تک ماہانہ اشاعتیں پی آئی بی اور ڈی اے وی پی کے دفاتر میں جمع نہیں کی ہیں۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ ڈی اے وی پی کی پرنٹ میڈیا اشتہاری پالیسی 2016ء کے مطابق ڈی اے وی پی سے منسلک تمام اخبارات کو ڈی اے وی پی کے دفاتر میں ہر ماہ کی 15تاریخ سے پہلے اپنی اشاعتیں بھیجنا لازمی قرار دیا گیا ہے ، ایسا نہ کرنے کی صورت میں ایسے اخبارات اور جریدوں کو اشتہارات اجرا نہیں کئے جائیں گے۔اس سلسلے میں ڈی اے وی پی کی طرف سے ہر ماہ ایڈوائزری جاری کی جاتی ہے ۔اس کے باوجود بھی 804 اخبارات اور جریدوں نے ماہانہ اشاعتیں منتخبہ دفاتر میں جمع نہیں کی ہیں اور انہیں اشتہارات کے لئے معطل کیا گیا ہے۔ان 804 اشاعتوں کی تفصیل ڈی اے وی پی کی ویب سائٹ www.davp.nic.in/پر موجود ہے۔