عظمیٰ نیوزسروس
جموں/ڈی آئی جی جے کے ایس رینج شیوم کمار شرما نے راجباغ اور مرہین کا دورہ کیا اور دو لاپتہ لڑکوں، دینو اور رحمت علی کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ بچوں کی بازیابی کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ یہ لڑکے اس وقت لاپتہ ہوئے جب چند روز قبل بلاورعلاقے میں تین مقامی افراد کی لاشیں ایک گہری کھائی سے ملی تھیں۔ ڈی آئی جی کے ہمراہ ڈی ایس پی بارڈر دھیرج کٹوچ اور ایس ایچ او راجباغ اجے چب بھی موجود تھے۔ انہوں نے اہل خانہ کو بتایا کہ پولیس ٹیمیں معاملے کی تفتیش میں مصروف ہیں۔ لاپتہ بچے، دینو ولد سورو اور رحمت علی ولد مکھن دین، 27فروری 2025کو صبح 11بجے کے قریب بھمبرواں بکری فارم کے قریب مویشی چرانے گئے تھے، مگر واپس نہیں لوٹے۔ اہل خانہ نے راجباغ پولیس اسٹیشن میں تحریری درخواست دے کر ان کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی۔ شکایت درج ہونے کے بعد پولیس نے ایف آئی آر نمبر51/2025کے تحت دفعہ 137(2) بی این ایس میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔ڈی آئی جی شرما نے ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو ہدایت دی کہ وہ پنجاب، جموں اور ادھمپور میں دیگر اضلاع اور رشتہ داروں سے رابطہ کرکے سراغ حاصل کریں۔ انہوں نے خصوصی ٹیموں کی تشکیل اور لاپتہ بچوں کی تصاویر تقسیم کرنے کے بھی احکامات دیئے تاکہ ان کی تلاش میں مدد مل سکے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی کو ان بچوں کے بارے میں کوئی معلومات ہوں تو وہ فوری طور پر اطلاع دیں۔