عشرت حسین بٹ
منڈی//نوجوانوں میں آفات سے نمٹنے اور تیاری کے شعور کو فروغ دینے کے ایک اہم اقدام کے تحت، ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) سول ڈیفنس اور ایس ڈی آر ایف جموں و کشمیر محمد ارشاد نے پیر کو بوائز ہائر سیکنڈری اسکول، منڈی کا دورہ کیا ۔یہ پروگرام پرنسپل انور خان کی درخواست پر منعقد کیا گیا، جس کا مرکزی موضوع تھا’آفات سے نمٹنے اور خطرات میں کمی میں نوجوانوں کا کردار‘ پروگرام کا آغاز معزز مہمان اور دیگر شرکاء کے پرتپاک استقبال سے ہوا نظامت کے فرائض سینئر لیکچرر ہارون راٹھور نے انجام دئیے، جنہوں نے قدرتی آفات جیسے زلزلے، سیلاب، زمین کھسکنے، اور جنگلاتی آگ کے علاوہ آگ لگنے، سڑک حادثات، اور کیمیائی خطرات جیسے انسانی پیدا کردہ آفات کی اقسام پر ایک مفصل اور معلوماتی پریزنٹیشن دی پیش کی جو موجودہ غیر یقینی دور میں آفات سے متعلق تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔تقریب میں 175 طلباء اور 23 اساتذہ نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر ڈاکٹر زمرد مغل نے بھی حاضرین سے خطاب کیا، اور کمیونٹی کی تیاری، ابتدائی طبی امداد کی تربیت، اور تعلیمی اداروں کے کردار پر روشنی ڈالی جو آفات کے مقابلے میں پائیدار معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔ اپنے خطاب میں، ڈی آئی جی محمد ارشاد نے نوجوانوں کو قدرتی اور انسانی ساختہ آفات میں پہلے ردِ عمل دینے والے اور مثبت تبدیلی لانے والے افراد کے طور پر اْبھارنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے احتیاطی تدابیر، ابتدائی وارننگ سسٹمز، اور کمیونٹی کی ہم آہنگی کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے طلباء کو موبائل فونز اور سوشل میڈیا کے غیر ضروری استعمال سے گریز کرنے اور تعمیری سرگرمیوں اور خود نظم و ضبط کو اپنانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان پر بھی روشنی ڈالی اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ منشیات سے پاک معاشرے کے سفیر بنیں اور اپنے ساتھیوں اور اہل خانہ میں بیداری پھیلائیں۔پروگرام کا سب سے نمایاں پہلو طلباء کے ساتھ سوال و جواب کا سیشن تھا، جس میں طلباء نے دلچسپ سوالات کئے اور مہمانانِ گرامی نے بھرپور انداز میں ان کے جوابات دئیے۔پرنسپل انور خان نے ڈی آئی جی محمد ارشاد اور ڈاکٹر زمرد مغل کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور ان کی قیمتی وقت اور رہنمائی کو سراہا۔ انہوں نے طلباء کی رہنمائی میں اس طرح کے اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اس موقع پر اسکول کے ہونہار طالب علم فرحان طارق، جنہوں نے حال ہی میں جے ای ای ایڈوانسڈ امتحان میں کامیابی حاصل کی، کو اعزاز سے نوازا گیا دیگر مقررین میں فاروق خواجہ، فرزانہ انجم، اور بھوپندر سنگھ شامل تھے۔