عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے پیر کے روز امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ اکتوبر میں کیس کی سماعت کے بعد مرکزی زیر انتظام علاقے کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے لیے ایک آخری تاریخ طے کرے گی۔عبداللہ نے ایک تقریب کے موقع پر نامہ نگاروں کو بتایا، “مجھے نہیں معلوم کہ فوری سماعت کیلئے سپریم کورٹ کون گیا تھا، ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ اس فیصلے میں کوئی تاخیر نہ ہو۔”انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت اقتدار سنبھالنے کے بعد سے پچھلے دس مہینوں سے ریاست کی بحالی کی کوشش میں ہے۔انہوں نے کہا کہ “کابینہ کے پہلے اجلاس میں ہمارا پہلا فیصلہ ریاست کی حیثیت سے متعلق قرارداد پاس کرنا تھا۔ وزیر اعظم کے ساتھ میری پہلی ملاقات میں، میں نے سب سے پہلا کام یہ کیا کہ ریاستی حیثیت سے متعلق کابینہ کی قرارداد ان کے حوالے کی جائے۔” انہوں نے مزید کہا”ہم انتظار کر رہے ہیں، لیکن ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوا، بدقسمتی سے، سپریم کورٹ 10 اکتوبر سے پہلے اس معاملے کو سننے کے لیے تیار نہیں ہے۔ ہم کچھ اور انتظار کریں گے اور اب بھی امید ہے کہ مرکز نے کوئی فیصلہ نہیں کیا، لیکن عدالت عظمیٰ کرے گی،” ۔انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ نے مرکز کو جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کی ہدایت نہ کی ہوتی تو شاید آج میں آپ سے پہلے یہاں وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ انتخابات صرف اس وقت ممکن ہوئے جب سپریم کورٹ نے ڈیڈ لائن مقرر کی، بدقسمتی سے سپریم کورٹ نے ریاست کے حوالے سے کوئی ڈیڈ لائن مقرر نہیں کی اور اسی وجہ سے ہمیں اتنا گھسیٹا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا، مجھے امید ہے کہ جب یہ معاملہ 10 اکتوبر کو سپریم کورٹ کے سامنے آئے گا، تو یہ ایک ڈیڈ لائن طے کرے گا اور ہماری ریاست کا درجہ فوری طور پر بحال ہو جائے گا۔