پرویز احمد
سرینگر //جموں صوبے میں ڈینگی متاثرین کی تعداد میں مسلسل کمی آرہی ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں صوبے میں ڈینگی 59افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور اسطر جموں و کشمیر میں ابتک 6901افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 13بنی ہوئی ہے۔ جموں صوبے میں وبائی بیماریوں پر نظر گزر رکھنے کیلئے تعینات ڈیوژنل نوڈل آفیسر ڈاکٹر ہرجیت رائے نے بتایا ’’ جموں صوبے میں ڈینگی کی تشخیص کیلئے 250ٹیسٹ کئے گئے جن میں 7کمسن بچوں سمیت 59افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ 59ڈینگی متاثرین میں 43مرد جبکہ 16خواتین شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں کیمیائی ادویات اور لوگوں کو ڈینگی سے بچائو کے اقدامات کے بارے میں جانکاری مہم شروع کردی ہے۔ ڈویژنل نوڈل آفس جموں کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار میں بتایا گیا کہ منگل کو ڈینگی سے متاثر ہونے والے 59افراد میںضلع جموں میں 27، سانبہ میں 11،کٹھوعہ میں 2، راجوی میں 6 اور کشتواڑ میں ایک کی رپورٹ مثبت آئی ہے۔ جموں صوبے کے دیگر 3اضلاع جن میں ریاسی ، پونچھ اور رام بن میں کسی کی رپورٹ مثبت نہیں آئی ہیں۔ کشمیر صوبے سے تعلق رکھنے والے کسی بھی شخص میں ڈینگی کی تصدیق نہیں ہوئی ہے او کشمیر سے تعلق رکھنے والے ڈینگی متاثرین کی تعداد 10بنی ہوئی ہے جبکہ دیگر ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں سے تعلق رکھنے والے 16افراد بھی ڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔