حسین محتشم
پونچھ//ڈینگی کے قومی دن 16 مئی 2025 کو پونچھ کے مختلف صحت کے اداروں میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔چیف میڈیکل آفیسر پونچھ کے دفتر کے کانفرنس ہال میں ایک بیداری پروگرام منعقد ہوا جس میں پرویز احمد خان چیف میڈیکل آفیسر پونچھ ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ ڈاکٹر محمد شفیق، نوڈل آفیسر این وی بی ڈی ڈاکٹر کوثر کبیر نے خطاب کر کے دن پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقعہ پر ضلع ہسپتال پونچھ کا عملہ اور دیگران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مقررین نے ڈینگی کو شکست دینے کے اقدامات’ کے موضوع پر، ڈینگی کی علامات، پھیلاؤ، روک تھام اور علاج کے حوالے سے تفصیلی جانکاری دی۔ چیف میڈیکل آفیسر نے سٹاف کی موجودگی میں ڈینگی آگاہی وین کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا تاکہ سٹاف اور عوام الناس کو آنے والے برسات کے موسم میں ڈینگی کی منتقلی کو روکنے کیلئے تمام حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا جا سکے۔انہوں نے بتایا کہ ڈینگی بخار کی صورت میں ایسپرین، آئبوپروفین جیسی دوائیوں سے پرہیز کریں کیونکہ ایسی دوائیں ڈینگی کے مریضوں کے لئے پیچیدگیاں پیدا کرتی ہیں۔حاضرین کو یہ بھی بتایا گیا کہ ڈینگی پازیٹو ٹیسٹ کی صورت میں خوف و ہراس کی صورتحال پیدا نہ کی جائے کیونکہ ڈینگی بخار کے 95 فیصد مثبت کیسز بغیر کسی پیچیدگی کے خود ہی ٹھیک ہوجاتے ہیں اور ساتھ ہی ڈسٹرکٹ ہسپتال پونچھ میں خون کی منتقلی، ڈینگی ٹیسٹ لیبارٹری میں کرنے کے لئے پلیٹلیٹ کمپوننٹ لیبارٹری بھی موجود ہے۔انہوں نے کہا ڈسٹرکٹ ہسپتال میں ڈینگی بخار کے کیسز کے لئے چند علیحدہ بیڈز بھی تیار رکھے گئے ہیں۔چیف میڈیکل آفیسر کے دفتر پونچھ میں مرکزی تقریب کے علاوہ متعلقہ بلاک میڈیکل آفیسرز کی نگرانی میں ضلع کے دیگر بلاکس بشمول سرنکوٹ، مینڈھر اور منڈی میں بھی اسی طرح کے بیداری پروگرام منعقد کئے گئے۔ ان علاقوں میں آر بی ایس کے ٹیموں اور ملیریا کے عملے نے اسکولوں میں بیداری مہم بھی چلائی۔ چیف میڈیکل آفیسر کے دفتر اور تمام بی ایم ائو ہیڈ کوارٹرز میں ملیریا کے عملے کو ڈینگی بخار کے کیسز پر نظر رکھنے، مثبت ڈینگی کیسز کی صورت میں فوری سپرے کرنے اور ضلع میں ڈینگی کیسز کی لائن لسٹنگ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا یہ دن ڈینگی سے پاک مستقبل کے لیے محکمہ صحت کے عزم کی توثیق کرنے اور ڈینگی کے خلاف جنگ میں کمیونٹی کی شرکت کو مضبوط بنانے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کررہا ہے۔