پرویزاحمد
سرینگر //جموں صوبے میں گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ڈینگی سے مزید 3افراد کی جان گئی ہے اور اس طرح ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 13ہوگئی ہے۔ سنیچر کو جموں صوبے میں ڈینگی کی تشخیص کیلئے 548ٹیسٹ کئے گئے جن میں 28کمسن بچوں سمیت 140افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ۔ جموں و کشمیر میں ڈینگی متاثرین کی تعداد 6600ہوگئی ہے۔ جموں صوبے میں وبائی بیماریوں کی روکتھام پر تعینات ڈیوژنل نوڈل آفیسر ڈاکٹر ہرجیت رائے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا ’’ راجوری سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو خصوصی علاج و معالجہ کیلئے ڈی ایم سی لدھیانہ بھیجا گیا تھا لیکن وہ فوت ہوگیا جبکہ سنیچر کو جی ایم سی جموں میں مزید 2افراد ڈینگی سے فوت ہوگئے اور اس طرح ڈینگی سے مرنے والوں کی تعداد 13ہوگئی ہے‘‘۔
ڈاکٹر رائے نے بتایا کہ اس کے علاوہ جموں صوبے میں ڈینگی کی تشخیص کیلئے 548ٹیسٹ کئے گئے جن میں 140افراد میں ڈینگی سے متاثر تھے۔ ڈاکٹر رائے نے بتایا کہ جموں و کشمیر میں ابتک ڈینگی کیلئے 20ہزار647ٹیسٹ کئے گئے اور ابتک مجموعی طور پر جموں و کشمیر میں 6ہزار 48افرادڈینگی سے متاثر ہوئے ہیں۔ ڈویژنل نوڈل آفیسر جموں کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق جموں ضلع میں سنیچر کو 67،سانبہ میں 3، کٹھوعہ میں 5، ادھمپور میں 41، ریاسی میں 3، راجوری میں 6، پونچھ میں 5، ڈوڈہ میں 2، رام بن میں 4 جبکہ کشتواڑ میں 3افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق جی ایم سی جموں میں 28، ایس ایم جی اسپتال شالیمار میں 48، گھاندی نگر اسپتال میں 7اور سروال میں 4افراد زیر علاج ہیں۔